مہنگائی کے ستائے عوام کو ایک اور جھٹکا، آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق گندم کی قیمت میں 300 روپے فی من اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد گندم کی نئی قیمت 2800 روپے سے بڑھ کر 3100 روپے فی من ہو گئی ہے۔
نجی ٹی وی چینل(ہم نیوز)کے مطابق قیمتوں میں اس اضافے کے بعد 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید مہنگا ہونے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا نے کہا ہے کہ حکومت گندم کی قیمت کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق پنجاب حکومت نے گندم کو ڈی ریگولیٹ کر رکھا ہے، جس کے باعث قیمتوں پر کسی قسم کا سرکاری کنٹرول نہیں رہا۔
عاصم رضا نے خبردار کیا کہ اگر گندم کی قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ چند دنوں میں آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جس کا براہ راست اثر عام صارفین پر پڑے گا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اور روزمرہ کی ضروریات اب متوسط طبقے کی پہنچ سے بھی باہر ہوتی جا رہی ہیں۔





