شہزاد نوید
سوات کے سیاحتی علاقے کالام میں جائیداد کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں جانب سے آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
واقعہ تھانہ کالام کی حدود میں پیش آیا، جہاں دو رشتہ دار فریقین کے درمیان جائیداد کا تنازع شدت اختیار کر گیا۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل بحرین جہانزیب خان، ایس ایچ او تھانہ کالام علی بادشاہ اور پولیس نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں فریق اول سے میر عالم ولد صمد خان اور فریق دوم سے قاسم خان ولد مرزا خان جاں بحق ہوئے۔
واقعے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر فریق اول سے اکرام شاہ ولد صمد خان، روزی خان ولد گجر خان، ملک امان ولد صمد خان، ہاروت ولد امیر خان، عبد الکریم ولد محمود خان اور مصیر خان ولد امیر باچا کو گرفتار کر لیا۔
فریق دوم سے گرفتار افراد میں بخت روان ولد عمر خان، حبیب خان ولد انزا خان اور زید ولد عمر خان شامل ہیں، جن کا تعلق چراٹ مٹلتان سے ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر افراد جن میں نصیر زادہ ولد گل شیر، عبدالمجید ولد حماد خان، شاہی ملک ولد انزا خان، محمد حسین ولد ایوب خان اور زید ولد عمر خان شامل ہیں، کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
واقعہ کے بعد تھانہ کالام میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 324، 148 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔





