اپردیر میں پولیس اورسی ٹی ڈی کے مشترکہ تین دن تک جاری رہنے والے بھرپور آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
حکام کے مطابق آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کی لاشیں بھی برآمد کر لی گئیں، جن میں سے ایک کی شناخت ساجد اللہ ولد شریف جان کے طور پر ہوئی ہے، جو شدت پسند تنظیم کا مقامی کمانڈر بتایا جاتا ہے۔ ساجد اللہ پر متعدد سنگین مقدمات درج تھے۔
ایس ایس پی اپر دیر کے مطابق 3 روزہ آپریشن میں پولیس، ایلیٹ فورس اور ریپڈ ریسپانس فورس نے حصہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشن ہل ٹاپ، دو بانڈو درا، مسالا بانڈا، شاندل باغ، اتن درا، باغ کلے، سنگر اور شندل باغ میں کیا گیا۔
انہوں نے مذید بتایا کہ آپریشن کے دوران 2 شہری شہید جبکہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے 10 اہلکار زخمی ہوئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس اہم کارروائی پر خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر سپاہیوں کی اس بڑی کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ نے شہید شہریوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔





