دریاؤں کے کنارے ملبے کے ڈھیر، سیلابی پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ، حکومت حرکت میں آ گئی

پشاور: چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے موجودہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریاؤں، نالوں اور پلوں کے آس پاس جمع ہونے والے ملبے کو پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

چیف سیکرٹری کی جانب سے سیکرٹری محکمہ جنگلات اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ دریا، نالے اور پلوں کے نزدیک ملبہ، بشمول سیلاب سے بہہ کر آنے والی لکڑی، پانی کی روانی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، جس سے حفاظتی بند، سڑکیں اور آبپاشی کے نظام کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

مراسلے میں محکمہ جنگلات کو کلیئرنس آپریشن فوری اور مؤثر انداز میں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ جمع شدہ لکڑی اور ملبے کو شفاف طریقے سے محفوظ گوداموں میں منتقل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تحریک انصاف عوامی حمایت سے نہیں، سرکاری وسائل سے اقتدار چاہتی ہے، خواجہ آصف

مزید برآں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام کے لیے مانیٹرنگ سخت کرنے اور پولیس و انتظامیہ کے اشتراک سے ایسی کسی بھی کوشش کو فوری طور پر ناکام بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چیف سیکرٹری نے مقامی آبادی میں جنگلات کے تحفظ اور سیلاب سے بچاؤ سے متعلق آگاہی مہم چلانے پر بھی زور دیا ہے، اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ کلیئرنس آپریشنز میں محکمہ جنگلات کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں۔

Scroll to Top