ملک کے مختلف حصوں میں آج موسلا دھار بارش کا امکان، نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ

ملک کے مختلف حصوں میں آج موسلا دھار بارش کا امکان، نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ

ملک کے مختلف حصوں میں آج موسلا دھار بارش متوقع ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی پنجاب اور آزاد کشمیر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز پنجاب کے مختلف علاقوں، جن میں گجرات، سیالکوٹ، جہلم، نارووال شامل ہیں، میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ آج بھی ان علاقوں کے ساتھ ساتھ منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ اور لاہور میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے باعث نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، جبکہ برساتی ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہو سکتی ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیشِ نظر مقامی آبادی کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر امدادی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور موسمیاتی ایڈوائزری پر عمل کریں۔

Scroll to Top