ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عرفان علی کاٹھیا نے آئندہ 48 گھنٹوں کو انتہائی حساس اور مشکل قرار دیتے ہوئے دریائے راوی اور چناب کے قریبی علاقوں کے مکینوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق، آج رات شاہدرہ کے مقام سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزرے گا، جو موجودہ صورتحال میں ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے پانی دریا کے بند کو متاثر کیے بغیر گزر جائے گا، تاہم پیشگی احتیاط ناگزیر ہے۔
عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ دریائے چناب میں گزشتہ ایک دہائی کے بعد اتنا بلند بہاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ اس وقت 128 مقامات پر پانی پھیلا ہوا ہے اور جب تک یہ ریلا رحیم یار خان سے گزر کر آگے نہیں نکلتا، خطرہ برقرار رہے گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق، راوی میں آنے والا اونچے درجے کا سیلابی ریلا رات 11 بجے کے قریب شاہدرہ سے گزرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ بہاؤ تمام متعلقہ اداروں کے لیے ایک امتحان ہوگا۔
عرفان کاٹھیا نے زور دے کر کہا کہ دریاؤں کے کنارے آباد افراد، خصوصاً راوی اور چناب کے اطراف میں رہنے والے لوگ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
حکام کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں ممکنہ امدادی کارروائیوں کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔





