پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم اشتہاری قرار ، وارنٹ گرفتاری جاری

پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم اشتہاری قرار ، وارنٹ گرفتاری جاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کو انسداد دہشتگردی عدالت نے اشتہاری قرار دیدیا، جبکہ ان کیخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی )کے مطابق فیصل آباد میں انسداد دہشتگردی عدالت میں زیرسماعت مقدمے کی کارروائی کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ شیخ وقاص اکرم کیخلاف تھانہ کوتوالی جھنگ میں دہشتگردی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے، جس میں دفعہ 7 اے ٹی اے سمیت دیگر سنگین نوعیت کی دفعات شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے عدالت میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر اعجاز حسین نے استغاثہ کی رپورٹ جمع کروائی، جس میں بتایا گیا کہ ملزم کو بارہا طلب کیا گیا، تاہم وہ مسلسل غیر حاضر رہے۔ عدالت کی جانب سے اس سے قبل بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے تھے، لیکن ملزم نے عدالت میں پیشی سے گریز کیا۔

عدالت نے شیخ وقاص اکرم کی مسلسل عدم حاضری پر انہیں اشتہاری ملزم قرار دیا اور 16 ستمبر کو استغاثہ کے شواہد قلمبند کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ آئندہ سماعت میں کیس کی کارروائی کو قانونی بنیادوں پر آگے بڑھانے کے لیے شواہد ریکارڈ کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ شیخ وقاص اکرم سابق وفاقی وزیر اور قومی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کی قومی اسمبلی کی نشست کو بھی خالی قرار دینے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے، جس کے بعد ان کی سیاسی سرگرمیوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

Scroll to Top