شارجہ میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز، افغانستان نے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا

افغانستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ شارجہ میں شیڈول سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کی فہرست جاری کردی ہے۔ اس سیریز میں افغانستان، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

اعلان کردہ اسکواڈ کی قیادت تجربہ کار آل راؤنڈر راشد خان کو سونپی گئی ہے، جو اسپن ڈیپارٹمنٹ کی قیادت بھی خود کریں گے۔ سیریز کا آغاز 29 اگست کو پاکستان کے خلاف میچ سے ہوگا، جبکہ افغان ٹیم یکم ستمبر کو میزبان یو اے ای سے ٹکرائے گی۔ یہ ٹورنامنٹ 7 ستمبر تک جاری رہے گا۔

اسکواڈ میں واحد تبدیلی فاسٹ بولر نوین الحق کی غیر موجودگی ہے، جن کی جگہ نوجوان پیسر عبداللہ احمدزئی کو شامل کیا گیا ہے۔

فاسٹ بولنگ لائن اپ میں عبداللہ احمدزئی کے ساتھ فضل الحق فاروقی، فرید احمد ملک اور کریم جنت شامل ہیں، جب کہ اسپن اٹیک میں راشد خان کے ہمراہ محمد نبی، مجیب الرحمٰن، نور احمد اور اے ایم غضنفر موجود ہوں گے۔

بیٹنگ شعبے کی ذمہ داری رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، درویش رسولی، صدیق اللہ اٹل اور نوجوان بیٹر محمد اسحاق کے کندھوں پر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر میں کل کرفیو نافذ ہوگی

افغانستان کا اسکواڈ
راشد خان (کپتان)، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، صدیق اللہ اٹل، درویش رسولی، عظمت اللہ عمرزئی، محمد اسحاق، گلبدین نائب، محمد نبی، کریم جنت، شرف الدین اشرف، نور احمد، مجیب الرحمٰن، اے ایم غضنفر، عبداللہ احمدزئی، فرید احمد ملک، فضل الحق فاروقی۔

Scroll to Top