مریم نواز کا مسجد پر اپنی تصویر لگانے کا سخت نوٹس ، ڈپٹی کمشنر کی سرزنش ، وضاحت طلب

مریم نواز کا مسجد پر اپنی تصویر لگانے کا سخت نوٹس ، ڈپٹی کمشنر کی سرزنش ، وضاحت طلب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منڈی بہاؤالدین میں ایک مسجد کی دیوار پر اپنی تصویر آویزاں کرنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی سرزنش کی ہے اور اس سے تحریری وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، منڈی بہاؤالدین میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم فلڈ ریلیف کیمپ کے تحت تعمیر کی گئی مسجد کی دیوار پر ایک بینر آویزاں کیا گیا جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی تصویر موجود تھی۔ یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پنجاب حکومت کو شدید عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے پوچھا کہ مسجد جیسے مقدس مقام پر سیاسی قیادت کی تصاویر کیوں لگائی گئیں؟ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ’’ضلعی انتظامیہ اور سرکاری ادارے میری تصاویر کے استعمال سے متعلق وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔‘‘

جیسے ہی مسجد پر لگے بینر کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، صارفین نے اس عمل کو غیر مناسب اور خلافِ اخلاق قرار دیتے ہوئے حکومت پر تنقید کی۔ متعدد صارفین نے لکھا کہ مذہبی مقامات کو سیاسی تشہیر سے پاک رکھا جانا چاہیے

وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے اس واقعے پر فوری کارروائی اور متعلقہ حکام کو سخت پیغام دیا جانا یہ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت سیاسی شخصیات کی تصاویر کے بے جا استعمال کو برداشت نہیں کرے گی، بالخصوص مساجد جیسے مقدس مقامات پر۔

Scroll to Top