بھتیجا وہاں گیا ہی نہیں، سزا کیسے؟غریب کارکن جیل میں، گھروں میں فاقے،شیخ رشید کا عدالتی فیصلوں پر کڑا ردعمل

بھتیجا وہاں گیا ہی نہیں، سزا کیسے؟غریب کارکن جیل میں، گھروں میں فاقے،شیخ رشید کا عدالتی فیصلوں پر کڑا ردعمل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے 9 مئی کے مقدمات میں فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے 108 افراد کو سنائی گئی 10، 10 سالہ سزاؤں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو بھی سزا دی گئی ہے حالانکہ وہ فیصل آباد کبھی گیا ہی نہیں۔ شیخ رشید نے عدالتی فیصلوں کو انصاف کے بجائے غریبوں پر ظلم قرار دیا ہے۔

راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ فیصل آباد میں 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں جن افراد کو سزائیں دی گئی ہیں، ان میں سے بیشتر کا مقدمے سے دور دور تک تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو بھی 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، حالانکہ وہ فیصل آباد کبھی گیا ہی نہیں۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کے مطابق شیخ رشید نے الزام لگایا کہ اس مقدمے میں کوئی عینی گواہ موجود نہیں ہے اور نہ ہی انہیں کیس لڑنے کا مناسب موقع دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ’’وکیل بھی سرکاری ہیں، گواہ بھی سرکاری، ہمیں صفائی کا حق بھی نہیں دیا گیا۔ یہ انصاف نہیں، کھلا ظلم ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ جن غریب کارکنوں کو سزائیں دی گئی ہیں، ان کے گھروں میں کھانے کو کچھ نہیں ہے۔ ’’ورکرز جیل میں اور ان کے اہلخانہ فاقوں میں ہیں۔ ان حالات میں انصاف کی امید کیسے کی جائے؟

شیخ رشید نے مزید کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت کی وجہ سے پاکستان کا کسان پہلے ہی تباہ ہو چکا ہے، اوپر سے عدالتی فیصلے عام آدمی کو مزید کچل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ، ’’سیلاب سے مہنگائی بڑھے گی، غریب پہلے ہی مرا ہوا ہے، اب اسے انصاف دیا جائے۔‘‘

یاد رہے کہ فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل اور شیخ راشد شفیق سمیت 108 افراد کو 10، 10 برس قید کی سزا سنائی ہے۔

Scroll to Top