پاکستان کو بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب سے خبردار کر دیا گیا ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے بعد وزارت آبی وسائل نے فوری طور پر فلڈ الرٹ جاری کر دیا ہے، جب کہ متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز) کے مطابق بھارت میں موجود بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو ایک سرکاری مراسلے کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ دریائے ستلج میں ہریکے زیریں اور فیروز پور زیریں کے مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ اس ممکنہ سیلابی لہر کے پیشِ نظر پاکستان کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔
مراسلے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں میں واقع دریائے توی کے مقام پر بھی اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جو ممکنہ طور پر پاکستان میں پانی کے بہاؤ کو مزید متاثر کر سکتی ہے۔
بھارتی انتباہ کے بعد پاکستان کی وزارت آبی وسائل نے فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے، تاکہ بروقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔
ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب (محکمہ قدرتی آفات) نے خبردار کیا ہے کہ 5 ستمبر تک صوبے میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی ہے، جس کے باعث سیلابی صورتحال میں شدت آ سکتی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ دریاؤں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
حکام نے عوام، خاص طور پر دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔





