آٹا مہنگا، روٹی مہنگی, نان بائی ایسوسی ایشن نے نئی قیمتوں کا عندیہ دے دیا

کراچی (پختون ڈیجیٹل) نان بائی ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ آٹے اور فائن میدے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے اگلے ہفتے تک روٹی کی قیمتیں بڑھا دی جائیں گی۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ موجودہ سرکاری نرخوں پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا۔

ایسوسی ایشن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے روٹی بنانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اس وقت سادہ روٹی کی سرکاری قیمت 14 روپے جبکہ نان کی قیمت 25 روپے مقرر ہے، تاہم بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

کراچی میں 100 کلو گرام گندم کی قیمت دو ہزار روپے سے زائد بڑھ کر 9300 روپے ہو چکی ہے، جبکہ 50 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 5 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سیلاب کے باعث گندم کے نرخ آسمان کو چھونے لگے، 100 کلو گندم 2 ہزار روپے مہنگی ، آٹا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے

پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں بھی گندم اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

نان بائی ایسوسی ایشن کے مطابق پشاور میں 100 کلوگرام گندم کی قیمت 9800 روپے ہو گئی ہے، اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے۔

کوئٹہ میں گندم کی قیمت 9600 روپے جبکہ آٹے کے تھیلے کی قیمت 2130 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں بھی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

Scroll to Top