جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری

جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری

جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔

دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث درجنوں دیہات زیر آب آ چکے ہیں، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مؤثر انداز میں جاری ہیں۔

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے پیشِ نظر ممکنہ خطرات کے تدارک کے لیے پاک فوج کی ٹیمیں چوکنا ہیں۔

ساہیوال کے مقام پر دریائے راوی میں آنے والے سیلاب سے 49 دیہات متاثر ہوئے ہیں، پاک فوج اور سول انتظامیہ نے مشترکہ طور پر 30 ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں۔

خانیوال میں ہیڈ سدھنائی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پل رانگو بند ٹوٹ گیا جسے فوری طور پر پاک فوج اور متعلقہ اداروں نے مرمت کر کے بحال کر دیا ہے۔

پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں تلمبہ، میاں چنوں اور عبدالحکیم کے متاثرہ علاقوں میں بھی ریلیف آپریشن میں مصروف عمل ہیں، اب تک ہزاروں مقامی افراد اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

مظفرگڑھ کے علاقوں بیہرام پور، رنگپور، جوانہ بنگلہ، مرادآباد، دوآبہ اور عاشق چوک سمیت دیگر مقامات پر بھی کامیاب ریسکیو آپریشن جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مون سون کی تباہ کاری، ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی رپورٹ سامنے آ گئی

متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے ریلیف و میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں، متاثرین کو طبی امداد، خوراک، پانی اور رہائش کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top