علیمہ خان کیساتھ پیش آنیوالا واقعہ قابل مذمت ، وہ بڑی باوفا بہن ہیں، رانا ثناء

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علیمہ خان ایک بزرگ خاتون اور انتہائی باوفا بہن ہیں، اور ان کے ساتھ ہونے والا یہ سلوک ناقابل قبول ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )سے گفتگو کرتے ہوے انہو ںنے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، اس کی نہ تو کوئی سیاسی توجیہ دی جا سکتی ہے اور نہ ہی کسی حوالے سے جواز پیش کیا جا سکتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی سیاست اپنی جگہ، مگر علیمہ خان ایک بہن اور بزرگ خاتون کے طور پر قابل احترام ہیں۔ ان کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس پر بلا امتیاز اور بغیر کسی سیاسی تعصب کے مذمت ہونی چاہیے، اور جو بھی اس واقعے میں ملوث ہو، اسے سخت سزا ملنی چاہیے

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ’’یہ احتجاج کا طریقہ نہیں ہے۔ کسی بھی خاتون کے ساتھ ایسا سلوک کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ ایسے واقعات سے نہ صرف معاشرتی اقدار کو ٹھیس پہنچتی ہے بلکہ سیاسی اختلافات بھی نفرت میں بدل سکتے ہیں۔‘‘

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اس واقعے سے علیمہ خان کی حیثیت میں کوئی کمی آئی؟ نہیں۔ بلکہ ایسے واقعات سے عوام کی ہمدردی اور حمایت متاثرہ شخص اور اس کی جماعت کے ساتھ مزید بڑھتی ہے۔

یاد رہے کہ آج اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں کہ اس دوران ان پر دو انڈے پھینکے گئے۔ ایک انڈہ انہیں لگا، جس کے بعد موقع پر موجود پارٹی کارکنان نے احتجاج کیا، اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو لڑکیوں کو حراست میں لے لیا اور انہیں اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا گیا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ انڈے پھینکنے والی خواتین کا تعلق بھی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Scroll to Top