ملک بھر میں مون سون کا دسواں اسپیل آج سے داخل ہو رہا ہے، جس کے تحت کراچی سمیت سندھ، پنجاب اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ حکام نے اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث سندھ کے کئی نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
متاثر ہونے والے ممکنہ اضلاع میں شامل ہیں
میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹہ، بدین، سجاول اور حیدرآباد۔ادھر پنجاب اور اسلام آباد کے بیشتر علاقوں میں 7 تا 9 ستمبر کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
متاثرہ اضلاع میں شامل ہیں
اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور، جہلم، چکوال، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، چنیوٹ، سیالکوٹ اور نارووال شامل ہیں ۔
این ڈی ایم اے کی ہدایات
ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد محفوظ انخلاء کے راستوں کی پیشگی نشاندہی کریں۔ہنگامی کٹس (Emergency Kits) تیار رکھیں۔زیرآب سڑکوں اور پلوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔سیلابی پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کریں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
این ڈی ایم اے نے پنجاب کے ان علاقوں میں بھی الرٹ جاری کیا ہے جو پہلے ہی سیلاب سے متاثر ہو چکے ہیں، کہ مزید بارشوں سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات، این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم سے متعلق اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔





