خیبرپختونخوا حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایسوسی ایٹ ڈگری کے حامل امیدواروں کو سرکاری ملازمتوں کے لیے اہل قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کے مطابق، صوبے میں طلبا کی ضروریات اور تعلیمی رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے 250 سے زائد بی ایس پروگرامز میں ایسوسی ایٹ ڈگری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پروگرامز جن میں وقت کے ساتھ طلبہ کی تعداد کم ہو رہی تھی، انہیں ایسوسی ایٹ ڈگری کے دائرے میں لایا گیا ہے۔
مینا خان آفریدی نے مزید بتایا کہ ایسوسی ایٹ ڈگری دو سال (چار سمسٹرز) پر مشتمل ہوگی، اور طلبا اسے مکمل کرنے کے بعد چاہیں تو بی ایس ڈگری بعد میں یا کسی اور یونیورسٹی/کالج سے مکمل کر سکتے ہیں، جیسا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کی پالیسی میں درج ہے۔
وزیر تعلیم کے مطابق، جن پروگرامز میں طلبا کی تعداد اطمینان بخش ہے، وہاں 4 سالہ بی ایس ڈگری معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ تاہم، ایسوسی ایٹ ڈگری رکھنے والے افراد بھی ان آسامیوں کے لیے اہل ہوں گے جہاں 14 سالہ تعلیم کی شرط رکھی گئی ہو۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبائی کابینہ کو باضابطہ سفارشات ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ ایسوسی ایٹ ڈگری کو سرکاری ملازمتوں میں تسلیم کیا جا سکے۔ اس اقدام سے نہ صرف تعلیم کے شعبے میں لچک آئے گی بلکہ ہزاروں طلبہ کو جلد روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔





