ملک بھر میں آٹے کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہونے لگیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 1050 روپے تک کا ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد بعض علاقوں میں آٹا 2500 روپے فی 20 کلو تک پہنچ چکا ہے۔
پنجاب میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث گندم کی رسد متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ادارہ شماریات کی 5 ستمبر 2025 تک جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف شہروں میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں درج ذیل اضافہ ہوا:
بنوں: 1050 روپے
پشاور اور لاڑکانہ: 900 روپے
سکھر: 840 روپے
لاہور: 830 روپے
ملتان: 826 روپے
گوجرانوالہ اور سیالکوٹ: 817 روپے
اسلام آباد: 800 روپے
راولپنڈی اور کوئٹہ: 740 روپے
بہاولپور: 866 روپے 67 پیسے
آٹے کی قیمتوں میں اس تیز رفتار اضافے نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ کم آمدنی والے طبقے کے لیے روزمرہ کی خوراک کا حصول مشکل تر ہوتا جا رہا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے تاحال کوئی واضح ریلیف پلان سامنے نہیں آ سکا۔





