صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کوہاٹ میں خلوت ڈیم کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

کوہاٹ: خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے ضلع کوہاٹ کی یونین کونسل زیارت شیخ اللہ داد کے علاقہ مندونی میں خلوت ڈیم کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ رحیم اللہ محسود، علاقہ عمائدین، منتخب نمائندے، کسانوں اور محکمہ آبپاشی کے افسران نے شرکت کی۔

سنگِ بنیاد کی تقریب کے بعد منصوبے پر کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ محکمہ آبپاشی کے حکام کے مطابق خلوت ڈیم کی تکمیل کے بعد 2 سے 3 ہزار ایکڑ زرعی اراضی سیراب ہوگی، جس سے فصلوں کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ اور مقامی زرعی معیشت کو فروغ ملے گا۔

وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح منصوبے کی بروقت تکمیل ہے اور یہ منصوبہ مفاد عامہ کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد مکمل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : کشمور سے کراچی تک جے یو آئی کا امن مارچ، دیہی و شہری عوام کے مسائل کی آواز

انہوں نے کہا کہ خلوت ڈیم روایتی ڈیمز سے مختلف ہے کیونکہ یہ کسانوں کو 24 گھنٹے مسلسل پانی کی فراہمی یقینی بنائے گا، جس سے لاگت کم اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

علاقہ مکینوں اور کسانوں نے اس منصوبے کو دیرینہ پانی کی قلت کے مسئلے کا حل اور زرعی پیداوار بڑھانے کی اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

Scroll to Top