انسداد دہشتگردی عدالت میں 26 نومبر کو ہونیوالے احتجاج کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عدالت نے گرفتار 11 ملزمان پر فردجرم عائد کر دی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران تمام گرفتار ملزمان نے فردِ جرم عائد ہونے پر صحت جرم سے انکار کر دیا، جس پر عدالت نے مقدمے کی سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
پولیس کی جانب سے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے میں شامل 195 کارکنان میں سے صرف 11 کو گرفتار کر کے چالان عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ 184 غیر حاضر کارکنان کو عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ اس مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پہلے ہی 13 نومبر تک عبوری ضمانت پر ہے۔ کیس میں مزید پیش رفت متوقع ہے، جبکہ سکیورٹی ادارے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔





