وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے

لندن: وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ کے چار روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے ہیں۔

شہباز شریف لندن کے لوٹن ایئرپورٹ پہنچے، اس سے قبل وہ چند روز کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا گئے جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی عیادت کی۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے نواز شریف کو پاک سعودی عرب کے تاریخی دفاعی معاہدے (SMDA) کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ نواز شریف اس وقت جنیوا میں علاج کے لیے موجود ہیں اور امکان ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں لندن آئیں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور عطا تارڑ بھی لندن پہنچے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے اور خطے و دنیا میں امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مربوط اور مضبوط کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کے خطرات اور چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : دفاعی معاہدہ امن اور بھائی چارے کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے، مولانا فضل الرحمن

اس معاہدے کی ایک اہم شق کے مطابق اگر کسی بھی ملک پر بیرونی مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

یہ معاہدہ علاقائی سالمیت کے تحفظ اور دفاع کے لیے ایک مضبوط سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top