باجوڑ: آپریشن متاثرین کی واپسی کا عمل شروع، 7 ہزار افراد لوٹ گئے

پشاور: ضلع باجوڑ کے آپریشن متاثرین کی واپسی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس کے پہلے مرحلے میں تقریباً 7 ہزار افراد اپنے علاقوں میں واپس لوٹ گئے ہیں۔ یہ افراد آپریشن کی وجہ سے اپنے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے اسفندیار خٹک نے بتایا کہ باجوڑ کے علاقے ماموند میں ڈمہ ڈولہ، واڑہ ماموند، انعام خوڑچیناگئی اور مٹو چیناگئی کو پاک فوج نے کلیئر قرار دیا ہے۔ ان علاقوں میں حالات مکمل طور پر معمول پر آ چکے ہیں اور ریاست کی عملداری بحال ہو چکی ہے۔

مقامی ضلعی انتظامیہ نے واپسی کے عمل کی تصدیق کرتے ہوئے واپس جانے والے متاثرین کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے علاقوں میں پُرامن طریقے سے رہیں گے اور ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ متاثرین کو نہ صرف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ نادرا سے تصدیق شدہ ہر خاندان کو نقد مالی امداد بھی دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خواجہ سراؤں نے ضلع بدری کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی

ہر خاندان کو 50 ہزار روپے یکمشت، 15 ہزار روپے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی طرف سے خصوصی راشن الاؤنس اور 25 ہزار روپے واپسی پر ریٹرن کیشن گرانٹ کے طور پر دیے جا رہے ہیں۔

ضم اضلاع کے سیکشن کمپلیکس ایمرجنسیز ونگ (سی ای ڈبلیو پی ڈی ایم اے) کی ڈائریکٹر ثوبیہ حسام طورو نے کہا کہ جیسے جیسے پاک فوج مزید علاقوں کی کلیئرنس کرے گی، وہاں کے باشندوں کو باعزت طریقے سے واپس بھیجا جائے گا۔

Scroll to Top