خیبر پختونخوا میں موسم نے کروٹ لی، گرج چمک کے ساتھ بارش

خیبر پختونخوا میں موسم نے کروٹ لی، گرج چمک کے ساتھ بارش

محکمہ موسمیات نے ملک کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، تاہم مجموعی طور پر آج بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں موسم بدستور خشک اور گرم رہے گا۔ جہلم اور چکوال میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جب کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادھر سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے تصدیق کی ہے کہ مون سون سیزن ختم ہو چکا ہے اور آئندہ ہفتے کے دوران کسی بڑی بارش کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے پانی کا اخراج شروع ہو چکا ہے اور صورتِ حال بہتری کی جانب گامزن ہے۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری حالیہ رپورٹس کے مطابق، اگلے چند روز میں موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں، تاہم بالائی علاقوں میں مقامی سطح پر بارش ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top