خطے میں استحکام کی جانب قدم، بیرسٹر سیف اور افغان سفیر کی اہم ملاقات

خطے میں استحکام کی جانب قدم، بیرسٹر سیف اور افغان سفیر کی اہم ملاقات

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے اسلام آباد میں افغان سفیر سردار احمد شکیب سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور افغانستان کے باہمی تعلقات، خطے کی سلامتی اور خیبرپختونخوا میں بدامنی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کا قیام صرف باہمی تعاون اور اعتماد سے ہی ممکن ہے۔ بیرسٹر سیف نے افغان سفیر کو خیبرپختونخوا میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر بریفنگ دی اور افغان عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے زلزلہ متاثرین کے لیے دعا اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی حکومت امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن، اقتصادی ترقی اور سماجی استحکام ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اور دونوں ممالک کو باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

ملاقات کے دوران قبائلی جرگوں کے اہم کردار پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ بیرسٹر سیف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا خود قبائلی جرگے منعقد کر رہے ہیں جو خطے میں قیام امن میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مقامی سطح پر شراکتی مکالمے سے امن کی کوششیں مزید مؤثر بنائی جا سکتی ہیں۔

افغان سفیر سردار احمد شکیب نے کہا کہ افغان حکومت قیامِ امن کے لیے ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کا مستقبل پائیدار امن سے جڑا ہے، اور اس ہدف کے حصول کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانی ہوگی۔

Scroll to Top