جنوبی وزیرستان اپر میں انتظامیہ نے غیر حاضری پر 119 اساتذہ کو معطل کردیا ہے۔
جنوبی وزیرستان اپر میں ایجوکیشن سیکٹر ڈسٹرکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ وزیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ہوا۔
اس موقع پر ڈیوٹی سے غیر حاضر اور غفلت کے مرتکب اساتذہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل نے 100 سرکاری اساتذہ کو معطل کردیا۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فی میل نے 19 سرکاری استانیوں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔مجموعی طور پر 119 اساتذہ و استانیوں کو معطل کر دیا گیا۔ان کے خلاف الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تدریسی عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے سخت فیصلے ناگزیر ہیں،معطل شدہ اساتذہ کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔





