پشاور: نیک محمد اور سیکرٹری تعلیم کا تنازع خوش اسلوبی سے ختم، وزیراعلیٰ کی تصدیق

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے تصدیق کی ہے کہ معاون خصوصی برائے ریلیف نیک محمد اور سیکرٹری محکمہ تعلیم خالد خان کے مابین پیدا ہونے والی غلط فہمیاں باہمی افہام و تفہیم سے خوش اسلوبی کے ساتھ حل کر لی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگرچہ معاملے میں وقتی طور پر کشیدگی دیکھنے میں آئی، لیکن بعض عناصر نے اسے غیر ضروری طور پر ہوا دی اور غلط رنگ دینے کی کوشش کی۔

تاہم حکومت کی اعلیٰ قیادت اور متعلقہ حکام نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے تنازعے کو مزید بڑھنے سے روک دیا۔

معاملے کے حل کے لیے ایک روایتی جرگہ تشکیل دیا گیا، جس میں وزراء، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر)، وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، کمشنر پشاور اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ جرگہ میں تمام فریقین نے مثبت رویہ اختیار کیا اور بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب، پاکستان کو سب سے سستا قرض دینے والا ملک بن گیا

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ حکومت کے تمام وزراء، عوامی نمائندے اور سرکاری افسران معزز ہیں، اور سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے کے عوام کی خدمت کے لیے ایک ٹیم کی طرح کام کریں۔

انہوں نے اس موقع پر مسئلہ حل کرنے میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صوبے کی ترقی، امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے باہمی تعاون اور یکجہتی ناگزیر ہے۔

Scroll to Top