اسد قیصر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسد قیصر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں بڑی پیشرفت کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت دیگر غیر حاضر ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، جس میں عدالت نے غیر حاضری پر کارروائی کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ملزمان کو بارہا طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر یہ فیصلہ کیا گیا۔

سماعت کے دوران سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، سینیٹر شبلی فراز اور اسد عمر کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں، جنہیں عدالت نے منظور کرتے ہوئے انہیں موجودہ سماعت سے استثنیٰ دے دیا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت کے لیے تاریخ 6 اکتوبر مقرر کر دی ہے، جب باقی ملزمان کی حاضری اور کیس کی پیش رفت کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

یہ مقدمہ اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس پر حملے سے متعلق ہے، جس میں متعدد سیاسی رہنماؤں کے خلاف دہشتگردی، توڑ پھوڑ اور امن عامہ کی خلاف ورزی جیسے سنگین الزامات درج ہیں۔

Scroll to Top