وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا تیراہ واقعے پر اظہار افسوس، لواحقین کو ایک، ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ کےعمائدین پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، جس میں حالیہ ناخوشگوار واقعے کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر پشاور سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نے واقعے میں شہید ہونے والے شہریوں کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے لواحقین کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے معاوضے کا اعلان کیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔
اس سلسلے میں علاقے کے منتخب نمائندوں، تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور مقامی مشران پر مشتمل ایک جرگہ تشکیل دیا جائے گا، جس کی اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات کرائی جائے گی۔

فیصلے کے مطابق اس جرگے کی عسکری قیادت کے ساتھ ملاقات کے دوران علاقے میں مستقل امن کے قیام کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ملاقات میں باجوڑ ماڈل کو سامنے رکھتے ہوئے تیراہ میں بھی امن و امان کے قیام کے لیے جامع حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : بچوں اور عورتوں کی روزانہ قربانیاں ناقابلِ قبول ہیں،میاں افتخار حسین

اس کے ساتھ ساتھ مقامی عوام کا اعتماد حاصل کرنے اور انہیں امن کے قیام میں شراکت دار بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

Scroll to Top