پاکستان نے فرانس، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تمام ممالک جو اب تک فلسطین کو تسلیم نہیں کر پائے، وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت جلد از جلد فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں۔
اسحاق ڈار نے یہ بات سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہی جہاں انہوں نے کہا کہ وہ حال ہی میں فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ سربراہی میں ہونے والی اعلیٰ سطح کی کانفرنس میں شریک ہوئے، جس میں فلسطین کے دو ریاستی حل پر غور کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے 1988 میں فلسطینی ریاست کے آزادی کے اعلان کے فوری بعد اسے تسلیم کیا تھا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینی عوام کا قانونی حق ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فرانس نے بھی فلسطین کو باضابطہ ریاست تسلیم کرلیا، میکرون کا اقوام متحدہ میں اہم اعلان
نائب وزیراعظم نے اس اقدام کو خطے میں منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کے قیام کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال نے بھی فلسطین کو باضابطہ طور پر خودمختار ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ فرانس نے بھی اقوام متحدہ کانفرنس میں فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔





