خیبرپختونخوا حکومت نے اسپتالوں میں تشدد اور املاک کو نقصان سے بچانے کیلئے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے بھر میں’’تشدد اور املاک کو نقصان سے بچاؤ کا قانون‘‘ نافذ کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کو ایک باضابطہ سرکلر جاری کیا ہے، جس میں اسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تشدد کے تمام چھوٹے بڑے واقعات کو فوری طور پر رپورٹ کیا جائے۔
سرکلر کے مطابق، اب اسپتالوں میں پیش آنے والے ہر قسم کے تشدد یا املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی اطلاع براہِ راست ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کو دی جائے گی، جبکہ ان واقعات کی تفصیلی رپورٹس اور ایف آئی آرز بھی محکمہ صحت کو ارسال کی جائیں گی۔
محکمہ صحت نے صوبے بھر کے تمام اسپتالوں اور مراکز صحت کو ہدایت کی ہے کہ اس قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کو ایک محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں اسپتالوں میں بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات نے نہ صرف طبی عملے بلکہ مریضوں کو بھی متاثر کیا ہے، جس کے پیش نظر یہ فیصلہ وقت کی اہم ضرورت بن چکا تھا۔





