کرسٹیانو رونالڈو کی رافیل ڈراپ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

اسلام آباد: پاک بھارت ایشیا کپ میچ کے دوران سامنے آنے والے رافیل ڈراپ کے منفرد انداز نے نہ صرف سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی بلکہ پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو بھی اس ویڈیو کا حصہ بن گئے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اپنے ذاتی ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں رونالڈو ہاتھوں سے جہاز اڑانے اور گرانے کا اشارہ دیتے ہوئے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کے انداز کی نقل کرتے دکھائی دیے۔ یہ حرکت بالکل اسی طرح کی ہے جیسی حارث رؤف نے بھارتی ٹیم کے خلاف میچ میں دکھائی تھی۔

یہ انداز تب مقبول ہوا جب بھارتی شائقین نے حارث رؤف پر طنزیہ جملے کسے، تو انہوں نے ہاتھ سے طیارہ گرانے کا اشارہ دے کر جواب دیا۔

اس حرکت کو رافیل ڈراپ کا نام دیا گیا اور یہ وائرل ہو گیا، جس پر پاکستانی شائقین نے بھرپور پذیرائی کی جبکہ بھارتی فینز ناخوش ہوئے۔

رونالڈو کی ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے مختلف دلچسپ تبصرے شروع کر دیے، جن میں سے ایک نے کہا، اب فٹبال کے بادشاہ نے بھی بھارتی شائقین کو جواب دے دیا، جبکہ دوسرے نے اسے رافیل سیلیبریشن قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : گرین شرٹس کا حوصلہ بلند، سلمان آغا نے فائنل کے حوالے سے بڑا اعلان کر دیا

محسن نقوی کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد یہ ٹرینڈ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی موضوع بحث بن گیا ہے۔

صارفین نے اس موقع کو پاکستانی کرکٹرز کے لیے یادگار لمحہ قرار دیا ہے، اور کہا کہ دنیا کے بڑے کھیلوں کے اسٹار کی اس طرح کی شرکت پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔

Scroll to Top