پاکستان سے افغان شہریوں کا انخلاء تیز، 6 لاکھ سے زائد وطن واپس جا چکے

پشاور: خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے افغان شہریوں کے وطن واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

وزارت داخلہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق اب تک 6 لاکھ 18 ہزار 193 افغان باشندے اپنے ملک واپس جا چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد رضاکارانہ طور پر سرحد پار کرنے والوں کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پانچ لاکھ 88 ہزار 250 افغان شہری خود اپنی مرضی سے واپس گئے ہیں، جب کہ 29 ہزار 943 افراد کو غیر قانونی قیام کی وجہ سے ملک بدر کیا گیا ہے۔ ان افراد کے پاس قانونی کاغذات موجود نہ ہونے کے باعث انہیں سرحد پار بھیجا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں آشوب چشم بیماری پھیل گئی، متاثرین کی تعداد 93 ہزار سے تجاوز

گزشتہ روز بھی ایک دن میں 1522 افغان پی او آر کارڈ ہولڈرز، 180 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز اور 171 غیر قانونی افغان شہریوں کو افغانستان روانہ کیا گیا۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ افغان شہریوں کی واپسی کا عمل قانونی تقاضوں اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جاری ہے، اور حکومت اس میں نرمی کے ساتھ قانون کی مکمل پابندی بھی یقینی بنا رہی ہے۔

Scroll to Top