پاکستان انڈر 12 ٹینس ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی، نیوزی لینڈ کو 1-2 سے شکست

قازقستان:پاکستان انڈر 12 ٹینس ٹیم نے قازقستان میں جاری اے ٹی ایف انڈر 12 انٹر کانٹینینٹل چیمپئن شپ کے گروپ مرحلے میں نیوزی لینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

ایونٹ کے اہم مقابلے میں راشد علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو فیصلہ کن برتری دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

پہلے سنگلز میں راشد علی نے نیوزی لینڈ کے ہیڈلے ایرب کو سخت مقابلے کے بعد 1-6 اور 5-7 سے مات دے کر پاکستان کو ابتدائی برتری دلائی۔

دوسرے سنگلز میں محمد شایان کو نیوزی لینڈ کے لوکاس نیکس کے خلاف 4-6 اور 4-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد میچ 1-1 سے برابر ہو گیا۔

تاہم فیصلہ کن ڈبلز میں راشد علی اور محمد شایان کی جوڑی نے کم تجربہ کار نظر آنے والے نیوزی لینڈ کے نیکس اور ایرب کو 1-6 اور 3-6 سے واضح شکست دے کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا اور ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔

پاکستان کا تعلق گروپ سی سے تھا جس میں نیوزی لینڈ اور کوریا شامل تھے۔ گروپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو سخت مقابلے کے بعد کوریا کے ہاتھوں 1-2 سے شکست ہوئی تھی، تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف فتح نے قومی ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچا دیا جہاں ان کا سامنا آسٹریلیا سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان اپر میں کرفیو نافذ، نقل و حرکت پر مکمل پابندی

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ کم عمر کھلاڑیوں نے نہ صرف جیت حاصل کی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام بھی روشن کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوریا جیسے مضبوط حریف کے خلاف بھی ٹیم نے زبردست کھیل پیش کیا، جو مستقبل کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

Scroll to Top