گلیات: محکمہ ثقافت سیاحت اور آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا کی زیر نگرانی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کنڈلا توحید آباد، ایوبیہ اور خانسپور کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کیا ہے۔
اس کارروائی میں 20 سے زائد کمرشل عمارتیں سیل کر دی گئیں کیونکہ مالکان نے نہ تو اتھارٹی سے منظوری شدہ نقشے حاصل کیے اور نہ ہی زمین کی قانونی رجسٹریشن کروائی۔
گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انفورسمنٹ آفیسر واسف میر کی قیادت میں یہ آپریشن ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ایبٹ آباد کے تعاون سے انجام دیا گیا، جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شمیم اللہ خان، ڈی ایس پی گلیات امتیاز علی اور بی سی اے کا عملہ بھی موقع پر موجود تھا۔
ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ رخ علی نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ گلیات کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن کو ہر حال میں محفوظ رکھا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : 5 سال تک استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد
صوبائی وزیر ثقافت سیاحت و آثار قدیمہ فضل شکور نے اس اقدام کو صوبائی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کے سیاحتی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبد الصمد نے بھی کہا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اقدامات حکومت کی پالیسیوں کے عین مطابق ہیں اور ان کا مقصد قانونی تعمیرات کو فروغ دینا اور ماحول کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔





