پاکستان کے معروف میراتھن رنر فیصل شفی، جو بین الاقوامی سطح پر متعدد عالمی ریکارڈز کے حامل ہیں، آئندہ شکاگو میراتھن میں ذاتی کامیابی سے ہٹ کر ایک عظیم مقصد کے لیے حصہ لے رہے ہیں پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد۔
43 سالہ فیصل شفی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس دوڑ کے ذریعے 50 لاکھ روپے جمع کرنے کا ہدف رکھتے ہیں، جو کہ عطیات اور نجی تعاون کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔ جمع شدہ رقم اقوام متحدہ کے ریلیف پروگرام کے تحت متاثرہ خاندانوں میں شفاف طریقے سے تقسیم کی جائے گی۔
فیصل شفی نے روانگی سے قبل اپنے ایک بیان میں کہا’’اس سال میں شکاگو میں ایک مقصد کے لیے دوڑوں گا۔ میراتھن صرف ذاتی کامیابی کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم بھی ہے جہاں سے آگاہی پھیلائی جا سکتی ہے اور ضرورت مندوں کی مدد کی جا سکتی ہے۔ ہمارے ملک کے لوگ اب بھی سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں، اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ان کا ساتھ دیں۔‘‘
انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ تمام فنڈز کی منتقلی شفاف اور جوابدہ نظام کے تحت کی جائے گی۔واضح رہے کہ شکاگو میراتھن دنیا کی ممتاز ورلڈ میراتھن میجرز میں شامل ہے، جہاں دنیا بھر سے ماہر ایتھلیٹس حصہ لیتے ہیں
فیصل شفی نے حال ہی میں سڈنی میراتھن مکمل کی ہے اور وہ ’سیون اسٹار‘ میراتھن رنر بننے والے واحد پاکستان میں مقیم ایتھلیٹ ہیں۔ اسی میراتھن کے دوران انہوں نے فوجی وردی میں دنیا کی تیز ترین میراتھن مکمل کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کیا، جو انہوں نے ہلکی فوجی طرز کی وردی پہن کر مکمل کی۔





