جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا کہ علی امین گنڈاپور نے صوبے کو بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور وہ خیبرپختونخوا کے عوامی مفادات کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعلیٰ کی پالیسیوں اور طرزِ حکمرانی سے صوبے کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ’’ہم سمجھتے ہیں کہ علی امین گنڈاپور کو ایک دن کے لیے بھی وزارتِ اعلیٰ کے منصب پر نہیں رہنا چاہیے۔‘‘
انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ صوبے کے وسیع تر مفاد میں فوری اقدامات کرتے ہوئے موجودہ وزیراعلیٰ کو برطرف کیا جائے تاکہ خیبرپختونخوا کو مزید بحران سے بچایا جا سکے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صوبے میں سیاسی درجہ حرارت پہلے ہی بلند ہے اور اپوزیشن جماعتیں حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کر رہی ہیں۔





