علی امین گنڈاپور کی تبدیلی کی خبروں پر اپوزیشن متحرک، اہم مشاورت آج ہوگی

پشاور:  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے استعفے اور سہیل آفریدی کی بطور نئے وزیراعلیٰ نامزدگی کے بعد صوبے کی سیاسی فضاء میں شدید ہلچل مچ گئی ہے۔ صورتحال کے پیشِ نظر کابینہ اور اپوزیشن نے علیحدہ علیحدہ اہم اجلاس طلب کر لیے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس آج (جمعرات) دوپہر 2 بجے سول سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔

اجلاس کی صدارت تاحال موجودہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کریں گے۔ اجلاس میں ممکنہ سیاسی تبدیلیوں، پارٹی پالیسی اور وزراء کی آئندہ حکمتِ عملی پر مشاورت متوقع ہے۔

ادھر دوسری جانب سیاسی درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ ہی قائد حزبِ اختلاف ڈاکٹر عباداللہ خان بھی متحرک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس آج 9 اکتوبر بروز جمعرات کو طلب کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کے وزیر اعلیٰ پختونخوا بننے کی راہ میں قانونی رکاوٹ ہے: بیرسٹر عقیل ملک

ذرائع کے مطابق اپوزیشن اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کی حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔ اپوزیشن اراکین کو اجلاس میں ٹھوس تجاویز کے ساتھ شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے علی امین گنڈاپور کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹاتے ہوئے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم ان کی تقرری پر قانونی اعتراضات اور سیاسی اختلافات بھی سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔

Scroll to Top