ملک میں کاروباری ہفتے کے چھٹے روز سونے کی قیمت میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق ہفتے کے روز ملک میں فی تولہ سونا 2 ہزار 100 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 22 ہزار 700 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا 1,800 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 62 ہزار 397 روپے کا ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جمعے کو سونے کی قیمتوں میں ہزاروں روپے کی کمی دیکھی گئی تھی۔ جمعہ کو فی تولہ سونا 4 ہزار 578 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 20 ہزار 600 روپے کا ہو گیا تھا جبکہ 10 گرام سونا 3 ہزار 924 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 60 ہزار 597 روپے پر بند ہوا تھا۔
رپورٹس کے مطابق، رواں سال 2025 میں سونا اب تک 53 فیصد مہنگا ہو چکا ہے، جبکہ گزشتہ سال 2024 میں اس کی قیمت میں 27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق موجودہ عالمی حالات میں سونا ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت جلد 5,000 ڈالر فی اونس کی حد عبور کر سکتی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات میں امریکی ڈالر کی کمزوری، عالمی مرکزی بینکوں کی خریداری، سیاسی غیر یقینی صورتحال، اور امریکہ میں حکومت کی جاری جزوی بندش شامل ہیں۔ امریکی حکومت کی شٹ ڈاؤن اب آٹھویں روز میں داخل ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے اہم اقتصادی اعداد و شمار کی اشاعت بھی موخر ہو گئی ہے۔





