گزشتہ روز جو الزامات لگائے گئے اس کی کوئی بنیاد نہیں، سلمان اکرم راجہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے گزشتہ روز لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مقصد معصوم افراد کی جانوں کا تحفظ اور دہشت گردوں کو ملک سے ختم کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جامع حکمت عملی بنائی جائے تاکہ آپریشن میں شہید ہونے والے معصوم افراد کی حفاظت کی جا سکے۔

سلمان اکرم راجہ نے اپنے بیان میں کہا’’ہم کہتے ہیں جامع حکمت عملی بنائی جائے، جو معصوم آپریشن میں شہید ہوتے ہیں وہ نہ ہوں، ہم دہشتگرد کو دھرتی سے دور کرنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ روز جو الزامات لگائے گئے ان کی کوئی بنیاد نہیں۔‘‘

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے پی ٹی آئی صدر جنید اکبر نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں مینڈیٹ ان کی پارٹی کے پاس ہے، لیکن وفاقی حکومت اور دیگر ادارے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سہیل آفریدی تعلیم یافتہ اور ایماندار شخصیت ہیں اور پارٹی کے 92 ایم پی ایز انہیں بھرپور ووٹ دیں گے۔

جنید اکبر نے کہا، ’’ہم سے دیگر پارٹیوں کے رہنما بھی رابطے میں ہیں اور مثبت ردعمل آ رہا ہے۔ علی امین گنڈاپور کا شکریہ کہ انہوں نے ایک منٹ بھی ضائع کیے بغیر بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر استعفیٰ دیا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے کھل کر طالبان سے بات چیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور خیبرپختونخوا کے عوام نے ان کی پالیسیوں پر اعتماد کیا ہے۔’’عوام چاہتے ہیں کہ مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے، اس لیے ہم سب کو مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔‘‘

Scroll to Top