ہم افغانستان کے ساتھ معاملات طے کیے بغیر نہیں رہ سکتے، سلمان اکرم راجا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مسائل کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت لازمی ہے اور سرحد بند کرنا یا جارحانہ اقدامات صورتحال کا حل نہیں۔

پشاور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے حالیہ حملے افسوسناک ہیں، تاہم پاکستان اور افغانستان کے معاشی اور سماجی روابط اتنے گہرے ہیں کہ سرحد بند کر کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا’’ہمیں ایسے حالات پیدا کرنے ہیں کہ نہ تو افغانستان میں اور نہ ہی پاکستان میں دہشت گردی ہو جب تک بات چیت نہیں ہوگی امن ممکن نہیں۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے اپوزیشن کی تنقید پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور جمہوری عمل مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کے خدشات کو’’بچگانہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ جماعت میں کوئی اختلاف یا ٹوٹ پھوٹ والا تاثر بے بنیاد ہے۔

وزیراعلیٰ کے حلف برداری کے سلسلے میں درپیش کشیدگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلف برداری روکنے کا جواز موجود نہیں اور اگر آج نہ ہوا تو کل ہوجائے گا۔ سلمان اکرم راجہ نے سہیل آفریدی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے بھی وزیر رہ چکے ہیں اور ان کے گرد تجربہ کار ٹیم موجود ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور تمام سیاسی معاملات آئینی اور قانونی دائرے میں حل کیے جائیں گے۔

سلمان اکرم راجہ کے بیانات نے ایک طرف امن و مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا تو دوسری جانب سیاسی محاذ پر موجودہ صورتحال میں تحمل و قانون کی حکمرانی کی طرف اشارہ کیا ہے۔ سیاسی حلقے اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آئندہ دنوں میں حکومتی اور اپوزیشن ردِ عمل کے بعد صورتحال کس رخ پر بڑھے گی۔

Scroll to Top