انسداد دہشت گردی عدالت (ATC) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان کو گرفتار کر کے 15 اکتوبر (بدھ) کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے انہیں متعدد بار طلب کرنے کے باوجود عدم پیشی پر سخت نوٹس لیا۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز )کے مطابق یہ حکم تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر ڈی چوک احتجاج کیس کے سلسلے میں جاری کیا گیا، جہاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے
عدالت نے ریمارکس دیے کہ’’طلبی کے باوجود بار بار عدالت میں پیش نہ ہونا عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔‘‘
پولیس ذرائع کے مطابق، عدالت کی ہدایت کے مطابق وارنٹ گرفتاری تفتیشی افسر کے حوالے کر دیے گئے ہیں اور پولیس ٹیم اڈیالہ جیل روانہ ہوگی۔ علیمہ خان پہلے سے ہی توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے سلسلے میں اڈیالہ جیل پہنچنے والی ہیں، جہاں ممکنہ طور پر وارنٹ کی تعمیل کی جائے گی
یاد رہے کہ 26 نومبر کے روز ڈی چوک اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے سلسلے میں تھانہ صادق آباد میں علیمہ خان سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ آج کی سماعت میں ان پر فردِ جرم عائد ہونی تھی، تاہم ان کی عدم حاضری پر عدالت نے سخت ردعمل دیا۔
عدالتی حکم کے تحت اب علیمہ خان کو کل 15 اکتوبر کو ہر صورت عدالت کے روبرو پیش کرنا ہوگا۔





