سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے ارکوٹ میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں پولیو ڈیوٹی پر مامور لیویز اہلکار عبدالکبیر شہید ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او سوات محمد عمر کے مطابق حملہ اچانک کیا گیا اور فائرنگ کا نشانہ بننے والے اہلکار کی لاش اسپتال منتقل کی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی ادارے تحقیقات میں مصروف ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکار عبدالکبیر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ’’عبدالکبیر نے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے خدمات انجام دینے والی ٹیموں پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حملہ آور کسی رعایت کے مستحق نہیں۔‘‘
پولیو ٹیموں پر حملے ملک کے لیے نہ صرف سیکیورٹی کا چیلنج ہیں بلکہ بچوں کے صحت مند مستقبل کے خلاف سازش بھی سمجھے جا رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔





