محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پختونخوا اور ڈسٹرکٹ پولیس صوابی نے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے دو انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک کر دیے ہیں۔
خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن میں دو پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے جبکہ دہشت گردوں سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی مردان ریجن اور ڈسٹرکٹ پولیس صوابی کی ٹیم اجمیر شاہ پہاڑ، شادو ڈھیرے کے علاقے میں آپریشن کر رہی تھی کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار دہشت گرد پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے حملہ آور ہوئے۔
یہ حملہ سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیم کو نشانہ بنا کر کیا گیا تھا، پولیس نے فوری جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 35 منٹ جاری رہا۔
کارروائی میں دو دہشت گرد موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ دو دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت نعمان اور عبد الباسط کے طور پر ہوئی ہے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، ایک پستول، چھ میگزین، 23 گولیاں، دو ہینڈ گرینیڈ، دو موبائل فونز اور کالعدم ٹی ٹی پی کے دو کارڈز بھی برآمد ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں میں پولیس سٹیشن پر عسکریت پسندوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا
فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے پولیس اور سی ٹی ڈی نے علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ دہشت گردوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔





