شیراز احمد شیرازی
اسلام آباد: آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں۔
سندھ ہاؤس میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے ارکان اسمبلی کا اہم اجلاس اور پاور شو عشائیہ منعقد ہوا، جس کی میزبانی پیپلز پارٹی کی رہنما اور آزاد کشمیر امور کی انچارج فریال تالپور نے کی۔
ذرائع کے مطابق چوہدری محمد یاسین کی قیادت میں آزاد کشمیر اسمبلی کے ستائس ارکان عشائیہ میں شریک ہوئے۔
عشائیہ میں شرکت کرنے والوں میں بیرسٹر گروپ کے رہنما یاسر سلطان، چوہدری ارشد، سردار محمد حسین، چوہدری اخلاق، چوہدری رشید شامل تھے۔
اسی طرح مہاجرین نشستوں سے منتخب ماجد خان، اکبر ابراہیم، عاصم شریف بٹ سمیت متعدد ارکان بھی شریک ہوئے۔ وزیر تعلیم ملک ظفر اقبال اور فہیم ربانی نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔
مزید اہم شخصیات میں سردار یعقوب، تنویر الیاس، لطیف اکبر، میاں وحید، فیصل راٹھور، سردار جاوید ایوب، بازل نقوی، ضیاء القمر اور جاوید بڈھانوی بھی سندھ ہاؤس پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت کا تبادلوں اور تقرریوں پر مکمل پابندی کا اعلان
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے قیام کے لیے حکمتِ عملی مکمل کر لی گئی ہے اور سندھ ہاؤس میں ہونے والا یہ اجلاس اس سلسلے کا فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
عشائیہ کے اختتام پر تمام اراکین اسمبلی سندھ ہاؤس سے روانہ ہوگئے، جبکہ سیاسی منظرنامے میں آنے والے دنوں میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔





