بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں شاندار ادبی محفل، شعرا نے محفل سجائی

اسلام آباد: بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن (PSF) کے زیرِ اہتمام ایک شاندار ادبی محفل کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت عبد الحمید ناصر، صوبائی چیئرمین PSF پنجاب نے کی۔

اس ادبی محفل میں مہمان خصوصی کے طور پر سردار یوسفزئی، نائب صدر پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد اور سیکرٹری جنرل پشتو ادبی سوسائٹی، نے شرکت کی۔

تقریب میں نوجوان شاعر دانیال حیران نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض بخوبی انجام دیے۔

محفل میں مختلف شعرا نے اپنے کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا جن میں خان کریم آفریدی، ریاض مروت، مجیب اورکزئ، دانیال حیران، عبد الحمید ناصر، سردار یوسفزئی اور فضل افغان شامل تھے۔ حاضرین نے شعری نشست میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

مہمان خصوصی سردار یوسفزئی نے PSF کی ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی میں طلبہ کی علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا تسلسل ایک قابلِ ستائش اقدام ہے۔

تقریب میں یونیورسٹی کی فعال طلبہ تنظیموں جیسے اسلامی جمعیت طلبہ، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، پختونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، بنوں سٹوڈنٹس سوسائٹی، شانگلہ سٹوڈنٹس سوسائٹی اور دیگر طلبہ نے شرکت کی، جس سے اتحاد اور بھائی چارے کا ماحول پیدا ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے عوام سے معافی مانگ لی

صوبائی ممبر ملک موسی خان اور PSF ہاسٹل سٹی کے وفد نے بھی تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔ افغان طلبہ نے بھی شرکت کی جبکہ ریڈیو پاکستان کے صحافی احسان اللہ احمدزئی نے میڈیا کوریج فراہم کی۔

آخر میں PSF کے قائم مقام صدر خانزیب اخون خیل نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا:

> PSF صرف ایک تنظیم نہیں بلکہ فکر، ادب اور بیداری کی ایک علمی تحریک ہے، جو نئی نسل کو شعور، محبت اور رواداری کا پیغام دیتی ہے۔ یونیورسٹی میں علم، ادب اور شعور کے فروغ کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

تقریب کے منتظم فرحان خٹک، کلچر سیکرٹری PSF نے بھی اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

Scroll to Top