Government files record

خیبر پختونخوا حکومت کا اثاثہ جات کا جامع ڈیٹا بیس مرتب کرنے کا فیصلہ

شاہد جان

پشاور. خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں اپنے مستقل اور غیر منقولہ اثاثوں کا ڈیٹا بیس مرتب کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا، وسائل کی مؤثر تقسیم کو یقینی بنانا اور سرکاری اثاثہ جات کی پائیداری کو برقرار رکھنا ہے۔

پختون ڈیجیٹل کو دستیاب دستاویزات کے مطابق، اس عمل کے ذریعے مستقبل میں فنڈز کی مؤثر تقسیم اور وسائل کے بہتر استعمال میں مدد ملے گی۔ مذکورہ ڈیٹا بیس میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم اور محکمہ صحت کے مستقل اثاثے، تکنیکی آلات، سرکاری گاڑیاں اور دیگر اہم سامان کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کی ترجیح صرف اپنے لیڈر کو جیل سے نکالنا ہے، آفتاب شیرپاو

محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق، حکومت اثاثہ جات کے انتظام کے لیے ایک جدید انفارمیشن سسٹم متعارف کروا رہی ہے، جس سے حقیقی وقت میں ڈیٹا بیس کو برقرار رکھا جا سکے گا۔ اس نظام کے ذریعے اثاثہ جات کی مؤثر نگرانی اور رپورٹنگ کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔

پالیسی کے تحت اثاثوں کی قدر میں کمی، غلط تقسیم اور ضیاع کو روکنے کے لیے باقاعدہ معائنہ، احتیاطی دیکھ بھال اور رسک مینجمنٹ کے اقدامات متعارف کرائے جائیں گے۔ مزید برآں، تمام سطحوں پر سرکاری ملازمین کو اثاثہ جات کے مؤثر انتظام کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی۔

محکمہ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے نفاذ سے بجٹ کے کنٹرول میں نمایاں بہتری آئے گی اور حکومتی اثاثوں کے ضیاع کو کم کیا جا سکے گا۔ مزید برآں، ایک شفاف اور ماحولیاتی طور پر پائیدار طریقہ کار اپنایا جائے گا تاکہ سرکاری اثاثوں کا منظم انداز میں تصرف کیا جا سکے۔

Scroll to Top