اساتذہ کی بھرتیوں سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار

سپریم کورٹ نے افغان شہری کو پی او سی جاری کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا

سپریم کورٹ آف پاکستان نے افغان شہری کو پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) جاری کرنے کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عدالت عالیہ میں یہ کیس جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے سامنے سماعت کے دوران زیر غور آیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا اسد اللہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ یکم دسمبر 2023 کو پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاق نے اپیل دائر کر رکھی ہے۔

پشاور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ اگر کوئی مرد افغان شہری پاکستانی خاتون سے شادی کرے تو اسے پی او سی جاری کیا جائے، اور ساتھ ہی کہا گیا کہ ایسے افغان شہری کو پاکستانی شہریت دی جائے، جو قانوناً ممکن نہیں۔

جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ شہریت کس بنیاد پر دی جا سکتی ہے اور مجموعی طور پر کتنے درخواست گزار ہیں، جس پر بتایا گیا کہ 117 درخواستیں زیر التواء ہیں۔ نادرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے افغان شہری کے لیے ویلڈ (کارآمد) ویزا کی شرط بھی ضروری ہے۔

عدالت عظمیٰ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کر دیا اور کیس کی مزید سماعت کے لیے ملتوی کر دیا۔

Scroll to Top