پشاور، سی ٹی ڈی مال خانے میں دھماکا کیسے ہوا؟ ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

پشاور کے سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) تھانے میں ہونیوالے دھماکے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، جن کے مطابق دھماکا مال خانے میں شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا

ترجمان پولیس کے مطابق، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اور حکمت عملی کے باعث ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کے ایک اہلکار بلال خان شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سے پانچ روز میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ واقعے کی وجوہات کا مکمل تعین کیا جا سکے۔

دوسری جانب شہید اہلکار بلال خان کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز پشاور میں ادا کی گئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کنڈی، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید سمیت اعلیٰ حکام، پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد شہید اہلکار کو پولیس اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داری کا تعین رپورٹ آنے کے بعد کیا جائے گا۔

Scroll to Top