اسلام آباد:پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف بیرونِ ملک تعیناتی کے دوران مالدیپ کے دورے پر پہنچا، جہاں مشن کمانڈر نے مالدیپ کی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، بحری تعلقات اور سمندری سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بات چیت ہوئی۔
فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دورے کے دوران مشن کمانڈر نے پاکستان کے ہائی کمیشن کا بھی دورہ کیا، جبکہ مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے پی این ایس سیف کا معائنہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے مالدیپ نیوی کے جہازوں کے ساتھ مشترکہ پیسج ایکسرسائز میں بھی حصہ لیا۔
جس کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان آپریشنل تعاون اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ کے جہازوں کے یہ دورے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوستی، تعاون اور خطے میں سمندری امن کے فروغ کے عزم کی علامت ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ ’’قوم کے شہیدوں تمہیں سلام‘‘ جاری
آئی ایس پی آر نے اپنا نیا قومی نغمہ ’’قوم کے شہیدوں تمہیں سلام‘‘ ریلیز کر دیا ہے، جس میں وطن کے لیے جان نچھاور کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نغمے میں نہ صرف بہادر شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین دیا گیا ہے بلکہ معصوم بچوں اور خواتین کی شہادت کو بھی جذباتی انداز میں یاد کیا گیا ہے۔ یہ نغمہ وطن عزیز کی بقاء، دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے جان دینے والے شہداء کے جذبے کو قوم کے دلوں میں زندہ رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ نغمہ پوری قوم کی طرف سے شہداء کو سلام ہے، جنہوں نے دشمن کے بزدلانہ حملوں کے خلاف جان کی بازی لگا دی۔ نغمے میں وطن کی خاطر خون کے آخری قطرے تک قربانیاں دینے کا عزم بھی دہراتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ شہداء کا ہر قطرۂ لہو پاکستان کی بقا اور امن کی ضمانت ہے۔
یہ نغمہ پاکستان کے ہر شہری میں حب الوطنی کا جذبہ بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور ان کے تئیں احترام کا پیغام بھی دیتا ہے۔





