اسلام آباد کچہری واقعہ: یہ بزدلانہ حرکت ہے، ہم ڈرنے والے نہیں، پیچھے نہیں ہٹیں گے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ایک عوامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے کہ اسی دوران انہیں اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے کی اطلاع ملی۔ وزیراعلیٰ نے واقعے کو فوری طور پر سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ مجھے ابھی بتایا گیا کہ اسلام آباد میں دھماکا ہوا ہے۔ یہ ایک بزدلانہ حرکت ہے اور میں اس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے اس موقع پر وانا میں گزشتہ روز کیڈٹ کالج پر ہونے والے حملے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ہم ان خطرناک کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں، ہم نے ہمیشہ ان کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان اور خاص طور پر خیبر پختونخوا امن کی جدوجہد میں قربانیاں دے چکا ہے اور وہ ہر ممکن کوشش کریں گے کہ صوبے اور ملک میں امن قائم رہے۔ تقریب کے دوران دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد انہوں نے اپنی تقریر ادھوری چھوڑ دی۔

دوسری جانب اسلام آباد میں کچہری کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 30 زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آبادکچہری دھماکے سے قبل ہی افغانستان کے سوشل میڈیا کاؤنٹس پر ’’کمنگ سون اسلام آباد‘‘ کی ٹوئٹس

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا بھارتی حمایت یافتہ اور افغان طالبان کی پراکسی فتنہ الخوارج کے خودکش حملہ آور نے کیا۔

دھماکے کی جگہ سے مبینہ خودکش حملہ آور کا سر برآمد ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں قریبی افراد زخمی ہوئے اور تین گاڑیاں تباہ ہو گئیں، جن میں ایک پولیس کی گاڑی اور دو پرائیویٹ گاڑیاں شامل ہیں۔

Scroll to Top