غیر قانونی امیگریشن ناقابلِ برداشت، بغیر دستاویز کسی کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر داخلہ

غیر قانونی امیگریشن ناقابلِ برداشت، بغیر دستاویز کسی کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ غیر قانونی امیگریشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ضروری دستاویزات کے بغیر کسی مسافر کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وفاقی وزراء محسن نقوی اور وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے لاہور ائیرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور تقریباً دو گھنٹے تک امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ نے امیگریشن کاونٹرز پر رش دیکھ کر فوری اقدامات کے احکامات جاری کیے تاکہ مسافروں کا پراسیس جلد اور مؤثر طریقے سے مکمل ہو۔

وزراء نے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے بات چیت کی اور امیگریشن پراسیس سے متعلق تفصیلات دریافت کیں۔ وفاقی وزیر سالک حسین نے سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے پروٹیٹکراسٹیکرز کی تصدیق کی۔ اس دوران ایک نوجوان جسے ڈرائیور کی ملازمت کے لیے بیرونِ ملک جانا تھا، ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے کی وجہ سے سفر سے روکا گیا، جس پر وفاقی وزیر سالک حسین نے برہمی کا اظہار کیا اور مکمل انکوائری کا حکم دیا تاکہ پروٹیٹکراسٹیکرز کے ذریعے مسافروں کی ملازمت کی دستاویزات کی تصدیق یقینی بنائی جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق، ایف آئی اے کے کچھ اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے چند مسافروں کو امیگریشن کاونٹر پر روکا گیا، تاہم نجی کمپنی کو ادا کی گئی رقم واپس دلانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان نوجوانوں کو روکنے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی، انہیں انعامات دیے اور تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان بھی کیا۔

محسن نقوی نے زور دے کر کہا کہ’’ضروری دستاویزات کے بغیر کسی بھی مسافر کو سفر کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ غیر قانونی امیگریشن بالکل برداشت نہیں ہوگی۔ ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے کسی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایف آئی اے یا کسی بھی ادارے کے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Scroll to Top